امرتسر،20؍اکتوبر (ایس اونیوز؍ایجنسی) پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے دشہرہ کے دوران راون دہن کے پروگرام کے وقت ہوئے حادثے کی جانچ کے احکامات دیئے ہیں۔ اس حادثے کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنا اسرائیل دورہ منسوخ کردیا ہے۔ وہیں وزیرریلوے پیوش گوئل نے بھی اپنے امریکہ دورے کومنسوخ کردیا ہے۔ وزیرریل امریکہ سے فوراً ملک لوٹ رہے ہیں۔
پنجاب حکومت نے امرتسرمیں ہوئے حادثے پرریاست میں ہفتہ کو ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران سبھی دفتر، تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندرسنگھ نے جمعہ کو امرتسرٹرین حادثہ میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کے لئے پانچ لاکھ روپئے معاوضے کا اعلان کیا اورکہا کہ وہ راحت اوربچاو مہم کے ذاتی جائزہ کے لئے موقع پر جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے حادثہ میں زخمی ہوئے سبھی لوگوں کے لئے مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا "امرتسرمیں دشہرے پرہوئے مایوس کن ریل حادثے میں راحت اوربچاو کام کے ذاتی جائزہ کے لئے امرتسرجارہا ہوں۔ میری حکومت ہلاک ہونے والے ہرشخص کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپئے اورزخمیوں کو سرکاری اورپرائیویٹ اسپتالوں میں مفت علاج مہیاکرائے گی۔ ضلع انتظامیہ جنگی پیمانے پرلگا دیئے گئے ہیں۔
افسران نے کہا کہ یہاں اس وقت کم ازکم 50 لوگوں کی موت ہوگئی جب دشہرے کے موقع پرراون جلانے آئے لوگوں کی بھیڑ پٹریوں پرکھڑی ہوگئی۔ اسی دوران یہ لوگ گزررہی ایک ٹرین کی چپیٹ میں آگئے۔
جوڑا پھاٹک پرشام کو یہ حادثہ اس وقت ہوا جب ٹرین جالندھرسے امرتسر آرہی تھی۔ کم ازکم 300 لوگ ریل پٹری کے پاس واقع میدان میں راون دہن دیکھ رہے تھے۔ ایس ڈی ایم امرتسر ایک، راجیش شرما نے کہا کہ کم از کم 50 لاش ملے ہیں اورکم از کم 50 زخمیوں کو ایک سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ افسران نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔